اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی اور شہرہ آفاق ترک ڈرامے ارطغرل غازی' میں تُرگُت سپاہی کا جاندار کردار ادا کرنے والے چنگیز جوشقون کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
معروف اداکار و میزبان حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی اور مشہور تُرک اداکار چنگیز جوشقون میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔
حمزہ علی عباسی کی بہن فضیلہ عباسی پیشے کے لحاظ سے ایک اسکن اسپیشلسٹ ہیں، فضیلہ عباسی پاکستان اور بیرون ملک اسکن ٹریٹمنٹ دیتی ہیں، فضیلہ عباسی کی جانب سے اب پاکستان میں بھی اپنا برانڈ متعارف کروایا جا رہا۔
فضیلہ عباسی نے اپنے اسکن لائن برانڈ کے ایمبیسڈر کے لیے تُرکی کے مشہور تاریخی ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ میں اہم اور مضبوط ترین ’ تُرگُت سپاہی‘ کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار چنگیز جوشقون کا انتخاب کیا ہے۔
فضیلہ عباسی کی جانب سے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں چنگیز جوشقون کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
فضیلہ عباسی کا اپنی پوسٹ میں کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار اب وہ پاکستان میں مرد حضرات کے لیے ایکسکلوزیو اسکن کیئر لائن کھولنے جا رہی ہیں، اور اس کے برانڈ ایمبیسڈر چنگیز جوشقون ہوں گے۔
فضیلہ عباسی کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دونوں معاہدے پر خوشگوار موڈ میں دستخط کر رہے ہیں، فضیلہ عباسی کی اس پوسٹ پر پاکستان میں موجود چنگیز جوشقوں کے مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب یہی تصویر چنگیز جوشقون کی جانب سے بھی اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ہے جس پر اُنہوں نے جَلد پاکستان آنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔