کابل میں دھماکے ، پولیس چیف سمیت 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی 

 


کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں بم دھماکے کے نتیجے میں پولیس چیف محمد زئی کوچی سمیت 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ 
 
افغان میڈیا کے مطابق کابل کی مرکزی شاہراہ پر عین اس وقت ریمورٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا جب وہاں سے پولیس چیف کی گاڑی گزر رہی تھی، دھماکے میں پولیس چیف محمد زئی کوچی کے دو محافظ اور 2 راہگیر بھی ہلاک ہوئے جب کہ دو راہگیر زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، دونوں زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ 

تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم کابل میں گزشتہ تین ماہ سے میزائل اور خود کش حملوں میں سیکیورٹی اور حکومتی حکام کو نشانہ بنایا گیا ہے جب کہ کابل یونیورسٹی پر بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں 50 طلبا ہلاک ہوگئے تھے اور یہ کارروائیاں داعش نے کی تھیں۔

کابل میں بدھ کو پولیس چیف کی گاڑی پر حملے کے علاوہ دو دھماکے اور بھی ہوئے دونوں حملوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا تاہم یہ حملے ناکام رہے اور صرف 4 افراد معمولی زخمی ہوئے۔