بھارت کا کابل میں ڈیم بنانے کا باضابطہ اعلان

 

کابل:  بھارت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ڈیم بنانے کا  با ضابطہ اعلان کی کر دیا جس پر 20 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کی لاگت آئے گی۔

 غیر ملکی خبر رساں  ادارے کے مطابق شہتوت نامی ڈیم کی تعمیر سے کابل کے 20 لاکھ سے زائد شہریوں کو صاف پانی پینے کی سہولت میسر ہو سکے گی اور ملک بھر میں آبپاشی کے نظام میں بہتری آئے گی۔

ماہرین کے خیال میں یہ نیا منصوبہ انڈیا کے افغانستان میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت ہے۔ 

بھارتی  وزیراعظم نریندر مودی کی افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے رابطے کے دوران ڈیم کی تعمیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تھا۔

افغانستان کے صدارتی محل میں دونوں ممالک کے نمائندوں نے ڈیم کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کیے۔

گذشتہ سال نومبر میں انڈیا نے افغانستان کے لیے کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا تھا جن میں شہتوت ڈیم کی تعمیر بھی شامل ہے۔انڈیا کا افغانستان میں آٹھ کروڑ ڈالر کی لاگت کے 150 کمیونٹی پراجیکٹس بھی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ویڈیو لنک اجلاس کے دوران صدر اشرف غنی نے انڈیا کے افغانستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا تھا۔

 اشرف غنی کا کہنا تھا کہ وسطی ایشیا کے لیے افغانستان کا پر امن ضروری ہے۔شہتوت ڈیم دریائے کابل پر تعمیر کیا جائے گا جس کی تکمیل میں چھ سال کا عرصہ لگے گا۔

افغانستان کے واٹر منیجمنٹ محکمے کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ڈیم میں دس لاکھ 46 ہزار کیوبک میٹر پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت ہوگی جس سے ملک میں پانی کا بحران کچھ حد تک کم ہو سکے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کابل شہر کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور 70 فیصد آبادی کو نلکے کے پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔

اس سے قبل انڈیا نے افغانستان میں دو ارب ڈالر کی لاگت کے کئی ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں جن میں پارلیمان کی عمارت اور ایران کے ساتھ سرحد پر ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ بھی انڈیا افغانستان میں کئی تعمیراتی منصوبے مکمل کر چکا ہے۔