ٹیکساس: امریکا میں ہلکی برفباری سے ہائی وے پر پھسلن کی وجہ سے 130 ٹرالرز، کاریں اور دیگر گاڑیاں آپس میں بری طرح ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں کئی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، فورٹ ورتھ کے قریب انٹرسٹیٹ کی مرکزی شاہراہ پر ہونے والی ہلکی برفباری سے پھسلن ہوگئی جس میں تیز رفتار گاڑیاں ایک دوسرے سے بری طرح ٹکرا گئیں۔
130 ٹرالرز، ٹرک، کاریں اور دیگر گاڑیوں کے ایک دوسرے سے ٹکرانے سے ان سے موجود افراد گاڑیوں میں ہی پھنس گئے، گاڑیوں کا اوپر تلے ڈھیر لگ گیا جب کہ کچھ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
امدادی کاموں کے دوران ہائیڈرو لک ریسکیو آلات کی مدد سے محسور افراد کو نکالا گیا تاہم اس دوران 6 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 36 کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں 11 کی حالت نازک ہے۔
درجن سے ائد افراد کو موقع پر ہی طبی امداد دیکر گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔ ایک ٹرالر پر نئی گاڑیاں بھی رکھی ہوئی تھیں جو ٹرالر الٹنے کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگئیں۔
اس ہولناک حادثے میں جانی نقصان کے ساتھ بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے، نئی گاڑیوں کی منتقلی میں استعمال ہونے والے ٹرالر بھی حادثے کا شکار ہوئے جس سے درجنوں نئی گاڑیوں کے تباہ ہونے کے علاوہ 100 سے زائد شہریوں کی گاڑیاں بھی ملبے کا ٖڈھیر بن گئیں۔