لاہور:گلوکاری کے شعبے میں خود کو ثابت کرنے اور اپنی منفرد پہچان بنا لینے کے بعد پاکستان کی نامور گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ اگر وہ گلوکاری کے شوق کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئیں تو اداکاری بھی کریں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ بڑی فلموں (طیفا ان ٹربل) میں کام سے انکار کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ وہ اداکاری نہیں کریں گی لیکن فی الحال ساری توجہ گلوکاری پر ہے۔
آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ مجھے بچپن سے گانے کا شوق ہے، گلوکاری میرا کا پروفیشن نہیں بلکہ مشغلہ اور شوق ہے اور نامور گلوکار سجاد علی، علی ظفر ، ساحر علی بگا اور عاطف اسلم کے ساتھ گلوکاری کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
گلوکارہ کا کہنا ہے وہ مختلف زبانوں مثلاً اردو ، انگریزی، پنجابی، فرانسیسی، چینی اور کورین زبان میں بھی گلوکاری کر سکتی ہیں۔
اپنے دیرینہ دوست شہباز شگری کے حوالے سے آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ شہباز بہت اچھے اور باصلاحیت انسان ہیں، جیسے ہی مصروفیات کم ہو جائیں گی ہم یقینی طور پر شادی کر لیں گے۔