جاپان میں 3۔7شدت کا زلزلہ، 100سے زائد افراد زخمی

ٹوکیو: جاپان میں 7.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیئے گئے جس کے نتیجے میں سینکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں توہوکو کے ساحلی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز ٹوکیو سے 135 میل دور فوکوشیما تھا اور اس کی گہرائی 55 کلومیٹر تھی۔

زلزلے سے میاگی، فوکوشیما، ایباراکی، توگیگی، سیتااما اور چیبا میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے سونامی الرٹ جاری نہیں کیا تھا۔

زلزلے سے کئی شاہراہیں تباہ ہوگئیں جب کہ سیکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور 9 لاکھ 50 ہزار گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے جب کہ شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے نہ نکلنے کو کہا گیا ہے۔