مبئی: پاکستانی وائرل ویڈیو ’’پارٹی ہورہی ہے‘‘ کی دھوم پاکستان سے نکل کر سرحد پار تک پہنچ چکی ہے اور بھارتی اداکار بھی ’’پارٹی‘‘ کے رنگ میں رنگ گئے ہیں۔
چند روز قبل پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر دنانیر مبین نے چند سیکنڈ کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں وہ انگریزی اسٹائل میں اردو بولتے ہوئے کہہ رہی تھیں ’’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہورہی ہے۔‘‘
دنانیر مبین کا یہ انداز لوگوں کو اتنا زیادہ پسند آیا کہ عام لوگوں اور فنکاروں نے اس ویڈیو کو ری کری ایٹ کرکے سینکڑوں مزاحیہ ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی دنانیر مبین کی ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے۔ بھارتی اداکار رندیپ ہوڈا نے ’’پارٹی ہورہی ہے‘‘ پر مزاحیہ ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
رندیپ ہوڈا نے یہ ویڈیو اپنی آنے والی ویب سیریز ’’انسپیکٹر اویناش‘‘کے سیٹ پر بنائی ہے ۔ ویڈیو میں اداکار رندیپ ہوڈا کہہ رہے ہیں ’’یہ میں ہوں، یہ ہمارے لوگ ہیں شوٹ پہ اور یہاں پارٹی ہورہی ہے۔‘‘ رندیپ ہوڈا کی یہ ویڈیو شیئر ہوتے ہی وائرل ہوگئی اور اب تک انسٹاگرام پر اس ویڈیو کو 17 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ اور 3 لاکھ سے زائد لوگ پسند کرچکے ہیں۔