واشنگٹن:امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفباری، طوفان اور کڑاکے دار سردی میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی ریاستوں میں اس سال موسم سرما ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے،برفباری اور طوفان کے باعث ٹیکساس، کینٹکی اور مسوری میں 26 افراد ہلاک ہوگئے۔
زیادہ تر ہلاکتیں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے ہونے والے ٹریفک حادثات میں ہوئیں 7 افراد سخت سردی کو برداشت نہ کرپائے اور جان کی بازی ہار گئے، اسی طرح 3 افراد طوفان میں ہلاک ہوگئے اور چھ مزید افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی۔
سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ٹیکساس میں ہوا ہے جہاں جمادینے والی سردی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے 30 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے جس کے باعث عملاً بلیک آؤٹ ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کو تاریخی طوفان سے متاثرہ افراد کے لئے اضافی ہنگامی وسائل کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں جب کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور پولیس پٹرولنگ کو بے گھر افراد کو سردی سے بچانے کے لیے انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
طوفان سے سب سے زیادہ نقصان اٹلانٹا اور شمالی کیرولائنا میں ہوا اور درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔برفانی طوفان کے باعث امریکی ریاستوں ٹیکساس،کینٹکی اور الاباما سمیت 7ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔