افغانستان سے فوجی انخلاء میں جلد بازی نہیں کریں گے، امریکہ

واشنگٹن : امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن نے نیٹو کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ افغانستان سے کسی بھی صورت جلد بازی میں فوج کا انخلا مکمل نہیں کیا جائے گا، امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے اور اس بات کویقینی بنایا جارہا ہے کہ فریقین معاہدے کی تمام شرائط کو تسلیم کرتے ہیں کہ نہیں۔

امریکی وزیر دفاع نے افغانستان میں فوجی انخلا سے متعلق تمام اتحادیوں کو مشاورت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امریکا بغیر کسی منظم طریقے یا جلد بازی میں افغانستان سے افواج واپس نہیں بلائے گا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ سال طالبان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان امن معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت امریکا نے مئی 2021 تک تمام غیر ملکی افواج واپس بلانی تھیں تاہم جو بائیڈن انتظامیہ نے طالبان پر امن معاہدے کی شرائط پر عمل نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاہدہ کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔