ینگون:میانمار میں بغاوت کے بعد فوجی حکومت کو جمہوریت نواز مظاہرین کے زبردست احتجاج کا سامنا ہے۔
گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
جرمن ٹی وی کے مطابق میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈالے میں ملکی سکیورٹی فورسز نے فوجی حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر ربڑ کی گولیوں کے علاوہ براہ راست گولیاں بھی چلائیں۔ اس کارروائی میں کم از کم دو افراد کے ہلاک ہوئے علاوہ ازیں 30سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مظاہرین نے فوجی حکومت اور سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔
مظاہرین پولیس اور فوجی اہلکاروں کی شپ یارڈ سے واپسی کا مطالبہ بھی کر رہے تھے۔شپ یارڈ کے باہری علاقے میں جمع سکیورٹی فورسز کے نگران افسر نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پہلے ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا لیکن اس کارروائی نے مظاہرہ کرنے والوں میں شدت پیدا کر دی۔
پولیس کے مطابق نعرہ بازی کرنے والوں کو منتشر کرنے کے لیے پہلے انتباہی فائرنگ بھی کی گئی لیکن مظاہرین کی بے چینی اور ناراضی کو دیکھتے ہوئے انجام کار فائرنگ کا سہارا لینا پڑا۔
منڈالے کی ایمرجنسی سروس کے مطابق فائرنگ سے دو افراد کی موت ہوئی۔ ان مرنے والوں میں ایک لڑکا بھی شامل ہے۔ ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ قریب تیس زخمیوں میں سے نصف کو گولیاں لگی ہیں اور چند ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔