خیبر پختونخوا، ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں اضافہ، الیکشن رولز 2020ء کی منظوری

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے موجودہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں ترامیم کرکے انہیں سہل بنایا جائے تاکہ صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے کر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔

 وزیراعلیٰ نے اس سلسلے میں خصوصی طور پر صوبائی حکومت کی موجودہ لیز پالیسی پر نظر ثانی کرکے اسے بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے پر کشش بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ سرکاری ملازمتوں کے لئے عمر کی زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد مقرر کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھا ئے جائیں تاکہ امیدواروں کو عمر میں رعایت کے حصول کیلئے دفتروں کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔

یہ ہدایات اُنہوں نے بدھ کے روز صوبائی کابینہ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

کابینہ کے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں سے متعلق معاملات کو اسٹریم لائن کرنے کے لئے قائم کردہ کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں جلد از جلد اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کر کابینہ کے سامنے پیش کرے۔

 اُنہوں نے عندیہ دیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی بھرتیوں کے لئے نجی ٹیسٹنگ ایجنسیوں کے ذریعے لئے جانے والے ٹیسٹس کو صرف سکریننگ کی حد تک محدود کردیا جائے گا۔

 انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری ٹیسٹنگ ایجنسیوں اور خصوصاً پبلک سروس کمیشن کو مستحکم بنانے کے لئے بھی قابل عمل سفارشات تیار کریں تاکہ پبلک سروس کمیشن میں عرصہ دراز سے زیر التواء آسامیوں کو جلد از جلد پرُ کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو کبل میں گالف کورس کی غیر مستعمل زمین کو بہتر عوامی مفاد میں پارک کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے استعمال میں لانے کے لئے بھی ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی کابینہ نے کورونا کے باعث گزشتہ سال پی ایم ایس کے مقابلے کا امتحان نہ ہونے کی وجہ سے امتحان کیلئے مطلوبہ عمر کی حد میں 2سال کی توسیع کی منظوری دیدی ہے تاکہ اہل امیدوار عمر کی حد میں اضافے کی وجہ سے آنے والے امتحانات سے محروم نہ ہوں اور امتحان میں حصہ لے سکیں۔

اجلاس میں واٹر سپلائی اینڈسنیٹیشن کمپنی سوات کا دائرہ تحصیل بابوزئی کے باقی ماندہ علاقوں تک توسیع دینے کی منظوری دے دی گئی۔

کابینہ نے الیکشن رولز2020 کی منظوری دیدی‘ میئر کے الیکشن کی فیس 20 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار اور ویلج کونسل الیکشن کے اخراجات 3 لاکھ سے کم کرکے پچاس ہزار کردیئے گئے۔

کابینہ نے پیشہ ور گداگری کی روک تھام کیلئے مروجہ رولز کو مزید بہتر بنانے کے لئے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔ 

کابینہ نے کمیشن آن ویمن اسٹیٹس کے گیارہ نا ن آفیشل ممبران کی تعیناتی کی بھی منظوری دیدی اور خیبر پختونخوا میڈیکل ٹرانسپلانٹیشن ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ میں چند ضروری ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔

ترامیم کے تحت انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری پر جرمانے کی کم سے کم حد 50 لاکھ اور زیادہ سے زیادہ حد ایک کروڑ مقرر کرنے جبکہ قید کی سزا کی مدت 14 سال مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

 کابینہ نے صوبے میں فروٹ اینڈ ویجیٹبل مارکیٹس کے قیام کے لئے ماڈل بائی لاز کی اُصولی منظوری دیتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات کو ان بائی لاز کو مزید بہتر بنانے کا ٹاسک دے دیا۔

 کابینہ نے صوبے میں لیویز کی ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد اور ان کی ترقیوں میں سامنے آنے والی پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لئے پراونشل لیوی فورس رولز 2013 کو بعض ضروری ترامیم کے ساتھ دوبارہ بحال کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

 اجلاس میں آنے والے دنوں صوبے میں گندم کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پاسکو سے سات تا آٹھ ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے جبکہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے دو تا تین ملین میٹرک ٹن امپورٹ کرنے کی منظوری دے دی۔

 اجلاس میں وفاقی حکومت کو چینی درآمد کرنے کے لئے نجی شعبے کو اجازت دینے اور صوبے بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز کو باقاعدگی سے چینی کی سپلائی کو یقینی بنانے کی سفارش کی گئی۔ 

صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا ہائیر ایجوکیشن اکیڈیمی آف ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے بورڈ آف گورنرز کے پرائیویٹ ممبران کیلئے ماہر تعلیم ڈاکٹر عفت آراء اور سول سوسائٹی سے میجر (ر) ڈاکٹر عبد الحفیظ خان نیازی کی نامزدگی کی منظوری دیدی۔

 اجلااس میں ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے مجوزہ الاونس کے لئے کمیٹی بنائی گئی جو وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑا اور وزیر تعلیم شہرام ترکئی پر مشتمل ہوگی۔ 

کابینہ نے سرکاری زمینوں کی لیز کی مدت بڑھانے کے لئے سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی۔ سرکاری زمینو ں کی لیز 15 سال سے بڑھاکر کم از کم 33 سال اور زیادہ سے زیادہ 99 سال کی جائیگی۔