بلدیاتی نمائندوں کا فنڈز نہ ملنے پر کے پی اسمبلی کے سامنے دھرنا

پشاور: بلدیاتی نمائندوں نے فنڈز نہ ملنے پر کے پی اسمبلی کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا جس کے سبب خیبر روڈ بند ہوگیا۔

 فنڈز نہ ملنے پر بلدیاتی نمائندے احتجاج کرتے، نعرے لگاے اور بینرز اٹھائے کے پی اسمبلی کے سامنے پہنچ گئے۔ انہوں ںے حکومت سے فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے کے سبب پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، احتجاج کے باعث خیبر روڈ ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، جی ٹی روڈ پر ٹریفک بلاک ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انتظامیہ نے پشاور میں احتجاج کے لیے آئے بلدیاتی نمائندوں کے لیے جناح پارک کو بند کردیا، مختلف اضلاع سے آنے والے بلدیاتی نمائندوں نے پارک کے گیٹ کے سامنے ڈیرہ ڈالا ہوا ہے، جناح پارک پشاور کے داخلی دروازوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے حق کے لیے پُرامن احتجاج کرنے یہاں آئے ہیں، انتظامیہ ہمیں پُرامن احتجاج بھی نہیں کرنے دے رہی ہے، ڈی چوک پر اپنا حق مانگنے والی حکومت کا خود احتجاج سے روکنا افسوس ناک ہے، تین سال سے بلدیاتی نمائندوں کو کوئی فنڈز نہیں دیا گیا، ہم کوئی فساد یا لڑائی جھگڑے کے لئے نہیں آئے، ہمارا احتجاج اپنے اختیارات اور حقوق کے لیے ہے۔