سوات: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہے۔ 18 اپریل کو خفیہ اطلاع پر ہونے والے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 4 خوارج دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ دہشت گرد علاقہ میں تخریبی کارروائیوں اور امن و امان کو متاثر کرنے میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
فورسز کی جانب سے آپریشن کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن جاری ہے تاکہ مزید ممکنہ دہشت گرد عناصر کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری طرح متحد اور پُرعزم ہیں اور ملک سے اس ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔