امریکی گالفر ٹائیگر ووڈ ہسپتال سے گھر منتقل

لاس اینجلس:دنیائے گالف کے سٹار کھلاڑی ٹائیگر ووڈ کار حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں زیر علاج تھے، تاہم انہیں طبیعت میں بہتری کے بعد گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔

27فروری کے روز ٹائیگر ووڈ کو پیش آنے والا یہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ان کار بے قابو ہو کر دور جا گری تھی، اس حادثے میں ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی جبکہ جسم کے دیگر حصوں میں بھی شدید چوٹیں اور زخم آئے تھے۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں تھیں جنہوں نے ٹائیگر ووڈ کو گاڑی سے زخمی حالت میں نکال کر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔

 سابق امریکی صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور باراک اوباما نے سٹار کھلاڑی کیساتھ پیش آنے والے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی تھی۔

ٹائیگر ووڈ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری مداحوں کیلئے بیان میں کہا گیا ہے کہ میں یہ بات بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ میں گھر واپس آ چکا ہوں، اور میری صحت میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔