کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اظہار یکجہتی کیلئے مسجد النور میں شہید ہونے والے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کی۔
کھلاڑی شہداء کے بچوں میں گھل مل گئے،بچوں میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی شرٹس، کیپس اور بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے میچ کے ٹکٹس تقسیم کئے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اتوار کو مسجد النور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہداء کے لواحقین اور زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات کی۔
مسجد النور کا دورہ کر نے والے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں میٹ ہنری، ڈیرل مچل اور ہنری نکولس سمیت ٹیم آفیشلز شامل تھے۔
مسجد النور پہنچنے پر حبیب مروت نے کھلاڑیوں کو مسجد کی سکیورٹی سے متعلق آگاہ کیا۔
مسلم ایسوسی ایشن آف کنٹر بری کے صدر محمد جامع نے دیگر عہدیداران کے ساتھ مسجد میں کھلاڑیوں کا خیر مقدم کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے فرید احمد جن کی اہلیہ پندرہ مارچ کے واقعہ میں شہید ہوگئی تھیں نے کھلاڑیوں کو اسلامی تعلیمات اور اسلام میں مسجد کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیا۔