پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صحت کارڈ پلس سکیم کو مزید بہتر بنانے اور لوگوں کو علاج معالجے کی زیادہ مفت سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک اور اہم قدم کے طورپر لیور اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کو شامل کرنے اور ضم شدہ اضلاع کے عوام کے لئے صحت کارڈ پلس اسکیم کا پیکج چھ لاکھ روپے فی خاندان سالانہ سے بڑھا کر دس لاکھ روپے سالانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ انہوں نے صحت کارڈ پلس اسکیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں صحت کارڈ پلس اسکیم میں خصوصی ٹاپ اپ پروگرام بھی شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ٹاپ اپ پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین اور عوام کو خصوصی پیکج دیے جائیں گے۔
صحت کارڈ پلس اسکیم سے منسلک ہسپتالوں کو بروقت ادائیگیوں پر اتفاق کیا گیا جبکہ اسکیم کی موثر نگرانی کے لئے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو ان فیصلوں پر ٹائم لائینز کے مطابق عملدرآمد کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی سہولت کے لئے زیادہ سے زیادہ بیماریوں کے مفت علاج کو اسکیم میں شامل کیا جائے گا اور اس اسکیم کو مفت علاج معالجے کا ایک جامع پیکیج بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حتمی مقصد ہے جس کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔