بلوچستان کے اپوزیشن اراکین کا دھرنا ختم

بلوچستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کا کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانے میں 14 روز سےجاری دھرنا ختم ہو گیا۔

قائد حزب اختلاف بلوچستان اسبلی ملک سکندر نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن اراکین کے خلاف مقدمات واپس لے لیے جس پر دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملک سکندر کا کہنا تھا کہ بجٹ سے متعلق تحفظات دور ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

اس سے پہلےبلوچستان حکومت نے اپوزیشن کےخلاف ایف آئی آر واپس لینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ 18 جون کو بلوچستان اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس میں اپوزیشن کے 17 اراکین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر درج ہونے پر اپوزیشن کے 14 اراکین نے بجلی روڈ تھانے میں گرفتاری کے لیے دھرنا دے دیا تھا۔