\شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی گلوکار و اداکار فلک شبیر اور اداکارہ سارہ خان نے اپنی شادی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مداحوں کو سرپرائز دینے کا اعلان کیا ہے۔
سارہ خان اور عمران اشرف کا مقبول ڈرامے ’رقصِ بسمل’ اختتام پذیر ہونے کے موقع پر سارہ خان نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں فلک شبیر ان سے سوال کرتے سنائی دیے۔
ویڈیو میں سارہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے فلک شبیر نے کہا کہ ’رقصِ بسمل کی آخری قسط نشر ہوگئی اور زہرہ، موسیٰ کی ہوئی، میں بہت خوش ہوں آپ کچھ کہنا چاہیں گی؟‘۔
جس پر سارہ خان نے کہا کہ ‘جتنا خوش ہم دونوں ہیں اتنے ہی ہمارے مداح بھی خوش ہوئے گے زہرہ اور موسیٰ مل گئے، میں اسے کامیاب بنانے پر رقصِ بسمل، عمران اشرف اور اپنے تمام مداحوں، پروڈیوسرز، شازیہ وجاہت سمیت ڈرامے کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی‘۔
اسی ویڈیو میں سارہ خان نے مزید کہا کہ اب آپ کی ملاقات ہوگی ’لاپتہ‘ والی فلک سے۔
خیال رہے کہ اداکارہ سارہ خان اپنے اگلے ڈرامے ’لاپتہ‘ میں فلک نامی لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی جبکہ اس ڈرامے میں عائزہ خان ایک ٹک ٹاکر کے کردار میں دکھائی دیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ (مداحوں) کے لیے 16 جولائی کو ہماری اینیورسری پر میرے اور فلک کے مداحوں کے لیے ایک سرپرائز ہے، جس کے لیے ہم بہت پُرجوش ہیں‘۔
بعدازاں اسی پوسٹ پر ایک کمنٹ میں فلک شبیر نے کہا کہ 16 جولائی کو ہماری شادی کی پہلی سالگرہ ہے، اس تاریخ کو لاک کرلیں، ہمارے پاس آپ سب کے لیے سرپرائز ہے۔
سارہ خان اور فلک شبیر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے اور مداحوں کی جانب سے 16 جولائی کے سرپرائز سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں۔
انیلہ نامی صارف نے لکھا کہ فلک شبیر پھولوں کا باغ خرید رہے ہیں جبکہ رچا نامی صارف نے کہا کہ عموماً ایسے موقع پر شادی شدہ جوڑے ایک دوسرے کو سرپرائز دیتے ہیں۔
کچھ صارفین کے مطابق وہ بے صبری سے سارہ خان اور فلک کے اس سرپرائز کے منتظر ہیں جبکہ کچھ کے مطابق سارہ اور فلک اس دن ایک نئے گانے کا اعلان کریں گے.
مومنہ نامی صارف کے مطابق سارہ خان اور فلک اپنے بچے کی جنس کا اعلان کریں گے اور ولیمہ بھی ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ سارہ خان گزشتہ برس جولائی میں شادی کے بندھن میں بندھی تھیں، انہوں نے اور گلوکار فلک شبیر نے 14 جولائی کو منگنی کا اعلان کیا تھا اور اگلے ہی دن دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا تھا اور وہ جولائی کے مہینے ہی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔
رواں برس جون میں سارہ خان اور فلک شبیر نے تصدیق کردی ہے کہ وہ جلد والدین بننے والے ہیں۔
علاوہ ازیں نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامے 'ثبات' میں ان کے منفی کردار کے طور پر ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا تھا۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل سے ان کا ایک اور ڈراما 'رقصِ بسمل' بھی نشر ہورہا ہے جس میں وہ عمران اشرف کے ساتھ مرکزی کردار ادا کررہی ہیں اور جلد ہی ان کا نیا ڈراما 'لاپتا' بھی شروع ہورہا ہے۔