فائزر کمپنی کا کہنا ہے کہ جن افراد نے کورونا ویکسین کی دو ڈوز لگوا لی ہیں ان کو 6 مہینے بعد بوسٹر شاٹ لگوانا چاہیے تاکہ ڈیلٹا جیسے ویریئنٹ سے تحفظ حاصل ہوسکے۔
اسی طرح یو اے ای اور بحرین کے بعد اب سعودی حکومت نے بھی ملک میں داخل ہونے والوں کیلئے کرونا بوسٹر ڈوز لگوانے کی شرط عائد کردی ہے۔
ان ممالک کے مطابق کرونا بوسٹر ڈوز ترقی پزیر ممالک میں ویکسین کی افادیت کے حوالے سے ابھرنے والے خدشات کے پیش نظر جبکہ ڈیلٹا جیسے ویریئنٹ سے تحفظ کیلئے لگوایا جارہا ہے۔
دوسری جانب امریکی ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ جن افراد کو کورونا ویکسین کی دو ڈوز لگ چکی ہیں وہ کورونا کی تمام قسموں بشمول ڈیلٹا سے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
سی ڈی سی اور ایف ڈی اے کے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہےکہ کورونا ویکسین کی دونوں ڈوز لینے والوں کو کسی قسم کا بوسٹر شاٹ یعنی تیسری خوراک لگوانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ بوسٹر شاٹ لگوانے چاہئیں یا نہیں، اس حوالے سے ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، اگر ایسی کوئی بات سامنے آئی تو اس سے فوراً عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔