کورونا ویکسی نیشن، نادرا کا انکار

اسلام آباد : نادرا نے دفاتر میں آنیوالوں کیلئے ویکسی نیشن  کی شرط لازمی قرار دینے سے انکار کردیا اور مطالبہ کیا دفاتر کو ویکسین کے عمل سے استثنیٰ دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا ویکسین کے سرٹیفکیٹ کے معاملے پر مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نادرا کو خط لکھا ، جس میں کہا گیا کہ ویکسین نہ لگوانیوالوں کوسہولتیں فراہم نہ کی جائیں۔

نادرا نے دفاتر میں آنیوالوں کیلئےویکسی نیشن شرط لازمی قرار دینے سے انکار کردیا، ڈپٹی کمشنرز کے خط کے جواب میں کہا کہ ویکسی نیشن کرانے کیلئے بھی نادرا کا شناختی کارڈ چاہئے، روازنہ 2لاکھ سے زائد شہری نادرا دفاتر میں آتے ہیں۔

نادرا نے اپنے دفاتر کو کوڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

یاد رہے 9 جولائی کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے 18 سال سے زائد عمر کے طلباء اور طالبات کے لئے 31 اگست تک ویکسین لگوانا لازمی قرار دی جبکہ یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔