کراچی: بعض افراد اپنے قد کے حوالے سے بے حد حساس ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کا قد لمبا ہوجائے، اس کے لیے وہ مختلف ٹوٹکے آزماتے رہتے ہیں اور مختلف واہموں پر بھی یقین کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں ڈاکٹر جمیل اختر نے شرکت کی اور قد لمبا کرنے کے حوالے سے مختلف توہمات کی وضاحت کی۔
انہوں نے کہا کہ قد لمبا کرنے کے لیے بچوں کو لٹکانے کا ٹوٹکا بالکل ناکام ہے، لٹکنے سے سارا زور بازوؤں پر پڑتا ہے لہٰذا صرف بازو لمبے ہوسکتے ہیں قد ویسا کا ویسا ہی رہتا ہے۔
ڈاکٹر جمیل اختر کا کہنا تھا کہ قد کا تعلق جینیٹکس سے ہوتا ہے، اگر والدین کا قد چھوٹا ہوگا تو بچوں کا قد کسی صورت لمبا نہیں ہوسکے گا۔
علاوہ ازیں غیر متوازن غذا کھانا، دودھ اور گوشت نہ کھانا، اور جنک فوڈ کھانا بھی قد کو متاثر کرتا ہے کیونکہ اس سے ہیمو گلوبن میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔
ڈاکٹر جمیل کا مزید کہنا تھا کہ 17 سے 18 سال تک قد میں اضافہ ہوسکتا ہے لہٰذا اس عمر تک خوراک اور ورزش کے ذریعے قد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔