اسلام آباد:پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے نئے 2 ہزار 783 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی)نے ہفتے کے روز بتایا کہ ملک میں وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 9 لاکھ 86 ہزار 668 ہو گئی ہے۔
ملک میں وائرس کی ڈیلٹا قسم کے تیزی سے پھیلا ؤکی وجہ سے عالمی وبا کی چوتھی لہر شروع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے کہا تھا کہ ملک میں گزشتہ کچھ دنوں سے متواتر تقریبا ً2 ہزار 500 نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں تیزی سے پھیلنے والی وائرس کی ڈیلٹا قسم سے اپنی اور اپنی کمیونٹیز کی حفاظت کیلئے ماسک پہنیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
دریں اثنا چیئرمین این سی او سی اسد عمر نے عوام سے جلد از جلد ویکسی نیشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عوام کیلئے کافی مقدار میں ویکسین موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جو ویکسی نیشن کرانے کے باوجود وائرس کا شکار ہوگئے ان میں بیماری کی شدت ایسے افراد کے مقابلے میں بہت کم ہے جنہوں نے ویکسی نیشن نہیں کروائی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے ہفتے کے روز جاری ہونیوالے ایک بیان کے مطابق سندھ 3 لاکھ 54 ہزار 103 مصدقہ کیسز کے ساتھ پاکستان کا سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا صوبہ ہے اس کے بعد صوبہ پنجاب میں 3 لاکھ 49 ہزار 890 افراد میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔
این سی او سی نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 مریض دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں بیماری کے باعث مرنیوالے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 760 ہو گئی ہے، مزید بتایا کہ 2 ہزار 508 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
ملک میں اس وقت 45 ہزار 579 فعال کیسز موجود ہیں جبکہ اس بیماری میں مبتلا 9 لاکھ 18 ہزار 329 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
این سی او سی نے بتایا کہ ملک میں ویکسی نیشن مہم کی رفتار تیز کر دی گئی ہے گزشتہ روز عوام کو ویکسین کی 5 لاکھ 13 ہزار 82 خوراکیں لگائی گئی ہیں۔
تازہ ترین سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں تقریبا 1 کروڑ 81 لاکھ 85 ہزار 297 افراد کی جزوی اور 45 لاکھ 50 ہزار 696 افراد کی مکمل ویکسی نیشن کی جا چکی ہے۔