ملک میں کورونا کیسز کی شرح 5۔7 فیصد سے متجاوز

مہلک وائرس سے ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 76 افراد جاں بحق ہوگئےجبکہ گزشتہ ایک دن میں کورونا کے مزید 4497 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، اسی طرح  ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 7.5 فیصد سے بھی زائد ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 707 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں سے 4497 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

 اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 76 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 23 ہزار 209 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر کورونا کے مصدقہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 20 ہزار 324  ہو گئی ہے جبکہ  ملک بھر میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 37 ہزار 354 ہوگئی ہے۔