سمارٹ فون کا زائد استعمال انسانی ڈھانچے کیلئے نقصان دہ

کنبیرا : آسٹریلوی ماہرین نے موبائل فون کا بہت زیادہ استعمال جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ انسانی ڈھانچے کےلیے بھی انتہائی خطرناک قرار دے دیا۔

آسٹریلوی ماہرین کی جانب سے موبائل فون کے انسانی صحت اور ڈھانچے سے متعلق تحقیق نے لوگوں کو دنگ کردیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون کے زیادہ استعمال سے صحت تو متاثر ہوتی ہے لیکن کھوپڑی کا پچھلا نچلا حصّہ شدید متاثر ہوتا ہے کیوں کہ مسلسل گردن جھکائے جھکائے مذکورہ حصے کی ہڈی پر باریک سینگ نما ابھار بن جاتا ہے۔

ماہرین کھوپڑی کے پچھلے نچلے حصے کی ہڈی (اس ہڈی کو کسی پیٹل) میں سینگ نما ابھار کو ’اینلارجڈ ایکسٹرنل اوکسی پیٹل پروٹبرینس‘ یا مختصر الفاظ میں ای ای او پی کہتے ہیں۔

اس سلسلے میں آسٹریلوی ماہرین نے 18 سے 86 سال کے ایسے 1200 مرد و خواتین کا جائزہ لیا جو موبائل کا استعمال بہت زیادہ کرتے ہیں اور ان کی 33 فیصد تعداد کی کھوپڑی میں ہڈی کا غیرمعمولی ابھار بنتے ہوئے دیکھا ہے۔

اس سے قبل کینیڈا میں بھی اسی طرز کا ایک سروے کیا گیا تھا جس میں 68 فیصد طلبہ کی گردن اور سر میں شدید تکلیف کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

آسٹریلوی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ابھی  موبائل فون کا استعمال نہیں روکا گیا یا کم نہیں کیا گیا تو متاثرہ افراد میں مزید پیچیدگیاں بڑھنے اور حتیٰ کہ معذوری تک کا خطرہ ہے۔