نیند کو اچھی صحت کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے، اور اب ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اچھی نیند بڑھاپے میں جسمانی کمزوری کے خطرے کو کم کرتی ہے۔ پنسلوانیا اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ نیند کی کمی کا شکار ہیں، ان میں جسمانی کمزوری کا خطرہ تین گنا زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں بھارت سے 6,500 افراد کا ڈیٹا شامل کیا گیا، جس میں ان کی جسمانی سرگرمیاں، تھکاوٹ، وزن میں کمی، چلنے کی رفتار اور گرفت کی مضبوطی کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے پتہ چلا کہ نیند کے مسائل سے دوچار افراد نے جسمانی کمزوری کی شکایت زیادہ کی۔
تحقیق کے مطابق، اچھی نیند اور مناسب نیند کا دورانیہ جسمانی طاقت کے لیے بہت اہم ہے۔ 9 گھنٹے یا اس سے زیادہ سونے والے مردوں میں جسمانی کمزوری کا خطرہ کم ہوتا ہے، جبکہ خواتین کے لیے 8 گھنٹے کی نیند کافی ہوتی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ بڑھتی عمر کے ساتھ نیند کا معیار متاثر ہوتا ہے، جس سے جسمانی کمزوری کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل "بی ایم سی پبلک ہیلتھ" میں شائع ہوئے ہیں، اور یہ ظاہر کرتے ہیں کہ نیند کا معیار اور دورانیہ بڑھاپے میں جسمانی کمزوری کے خطرے کو کم کرسکتے ہیں۔