چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ عمران خان سے حساب لیں گے ، معاف نہیں کریں گے۔
ڈیرا غازی خان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کے ووٹ پر ، جیب پر اور پیٹ پر ڈاکا ڈالا ہے، یہ سلیکٹڈ کس قسم کا عذاب لے کر آیا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری تاریخی سطح پر ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ آمریت کا مقابلہ کرنے والے ہی عمران خان کو بھگائيں گے، اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی ، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ جیالے ہوں گے ۔
اس سے قبل ملتان میں دانشوروں اور پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت قومی احتساب بیورو (نیب) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈنڈے سے ٹیکس اور ریونیو میں اضافہ کرنا چاہتی ہے، ہر کسی کو چور اور ڈاکو سمجھا تو پاکستان کی معیشت کون چلائےگا۔
بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ کاروباری برادری کو دشمن نہیں ساتھی سمجھیں، بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لینا ہوگا، جب سب کو حکومت سے خوف ہے تو ٹیکس ریونیو کم ہوگا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ اس ملک کے مزدوروں کو حقوق دیں ، مزدور ہمارا اثاثہ ہیں ، امیروں کو صرف فائدہ ہو اور معیشت چلے ایسا نہیں ہوتا ، معیشت مزدور سے اور تنخواہ دار طبقے سے شروع ہوتی ہے ، پاکستان کا کسان خوشحال نہیں ہو گا تو پاکستان بھی خوشحال نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام سے ہمیشہ حق حکمرانی چھینا گيا، سب نے میاں نواز شریف کی حکومت دیکھی ، عمران خان کی حکومت بھگتی، اب پاکستان پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت کو موقع دیں، اگر صاف اور شفاف الیکشن ہوئے تو پیپلز پارٹی کی حکومت ہوگی، ہمیں سب کی ضرورت ہے کوئی اکیلا اس ملک کی قسمت نہیں بدل سکتا۔