بابر اعظم نے بھی ورلڈ کپ کیلئے منتخب ٹیم پر اعتراض اٹھا دیا

کراچی: ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی سلیکشن پر کپتان بابر اعظم نے بھی اعتراض اٹھا دیا۔

 گزشتہ روز ہیڈ کوچ مصباح الحق ٹیم سے مطمئن نہ ہونے پر عہدہ چھوڑ گئے اب کپتان بابر اعظم نے بھی ٹیم سلیکشن پر ناراضگی کا اظہار کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے شکوہ کیا ہے کہ جو کھلاڑی مانگے تھے وہ نہیں ملے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان بابر اعظم کو مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود اعظم خان نہیں چاہیے تھے بلکہ انہیں شرجیل خان، فخر زمان اور لیگ اسپنر عثمان قادر درکار تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ متوقع چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے کہنے پر ٹیم میں ردوبدل کی گئی، رمیز راجہ نے چیف سلیکٹر کو میچ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کو شامل نہ کرنے کی ہدایت کی۔

کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں 16 اکتوبر تک ردوبدل ہوسکتا ہے، دیکھیں بابر اعظم کی سنی جاسکتی ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے استعفیٰ دے دیا تھا، ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو عبوری کوچ مقرر کیا گیا ہے۔