سابق کپتان کا شاہین آفریدی کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی حالیہ کارکردگی پر سوالات اٹھائے جبکہ شاہین کو ٹیم سے باہر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اُن کا مؤقف تھا کہ شاہین آفریدی نے کچھ عرصے سے میچ وننگ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جبکہ نسیم شاہ کے تجربے کے باوجود ان کی خدمات محدود ہیں۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ خوشدل شاہ اور سلمان آغا جیسے کھلاڑیوں کو اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن بابراعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ جیسے اہم کھلاڑیوں کو ان کی ناقص کارکردگی پر جوابدہ نہیں ٹھہرایا جاتا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا انحصار سینئر کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے پر ہے۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا کہ وہ نئے فاسٹ بولرز تیار کرنے اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان احتساب کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نئی حکمت عملی اپنائے۔

واضح رہے کہ سابق کپتان راشد لطیف کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی کے آغاز میں محض چند روز باقی رہ گئے ہیں۔

 سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ

یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی تھی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے 9 کھلاڑی 252 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

حارث رؤف باؤلنگ کے انجرڈ ہوکر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے جس کی باعث وہ بیٹنگ کے لیے بھی نہیں آئے اور مہمان ٹیم نے میچ 78 رنز سے جیت لیا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025ء

واضح رہے کہ منی ورلڈکپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد پاکستان نے آئی سی سی کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔