بولنا آتا ہے، لیکن گراؤنڈ میں کارکردگی دکھانا زیادہ پسند ہے: بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے موجودہ قائد نے اپنے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں گراؤنڈ میں کھیلنا زیادہ پسند ہے بجائے باتیں کرنے کے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن میں ٹیم اور ان کی ذاتی کارکردگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ ابتدا میں وننگ کمبی نیشن بنانے کی کوشش ہوئی، لیکن تسلسل برقرار رکھنا ایک چیلنج رہا۔

بابر نے یہ بھی کہا کہ کئی میچز میں بیٹنگ، بولنگ اور خاص طور پر فیلڈنگ میں کمزوری دکھائی دی۔

ان کے مطابق، درست وقت پر وکٹ بچانے اور کیچ نہ چھوڑنے کی اہمیت ہے۔ بابر اعظم نے اپنی اننگز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کریز پر زیادہ دیر رکنے اور چھوٹی اننگز سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں، لیکن ہر مرتبہ لمبا کھیلنے کی توقع پوری نہیں کر پاتے۔

انہوں نے اپنی بیٹنگ پوزیشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلنے کو ترجیح دیتے ہیں، چاہے نمبر تبدیل ہوں یا کوئی خاص کردار ادا کرنا ہو۔