کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تباہ کن بولنگ، ملتان سلطانز 89 پر آل آؤٹ

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم محض 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کوئٹہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے حق میں ثابت ہوا۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان واحد مزاحمت کرنے والے کھلاڑی ثابت ہوئے، جو 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ اس میچ کے ساتھ محمد رضوان پاکستان سپر لیگ میں بیٹ کیری کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ فہیم اشرف اور وسیم جونیئر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پوائنٹس ٹیبل کے مطابق کوئٹہ 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ مسلسل ناکامیوں کے بعد ملتان سلطانز 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔