قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پہلگام واقعے کو بھارت کی جانب سے ایک "بڑا ڈرامہ" قرار دے دیا ہے۔
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پہلگام واقعہ محض ایک منصوبہ بند ڈرامہ ہے، کیونکہ اگر 8 لاکھ فوج ہونے کے باوجود نامعلوم افراد ایک گھنٹے تک کارروائی کریں تو یہ ناقابل یقین بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کی کوششوں کا منفی جواب دیا، اور ان کے مطابق بھارت اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے کتراتا ہے، حالانکہ کبڈی ٹیم آجاتی ہے۔
پی ایس ایل کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ جس نے لیگ کا آغاز کیا تھا، اسی کو اسے جاری رکھنا چاہیے تھا، اور فرنچائز مالکان کو مالی نقصان کی شکایت کے باوجود فائدہ بھی ہوا ہے۔
شاہد آفریدی نے کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کہا کہ کپتان کو ذمہ داری لینی چاہیے، بہانے نہیں بنانے چاہئیں۔ انہوں نے قومی کھیل ہاکی کی زبوں حالی پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے ہاکی پر توجہ دینے کی امید ظاہر کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے بارے میں آفریدی نے کہا کہ یہ ملاقات کسی چغلی یا چھپ کر نہیں ہوئی۔