پاکستان کے عالمی یوتھ چیمپئن باکسر عثمان وزیر نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے بھارتی باکسر ایسوارن ساھیتا دورتھی کو تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہونے والے مقابلے میں صرف ایک منٹ 25 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔
یہ عثمان وزیر کی 16ویں مسلسل پروفیشنل فتح ہے، جس کے بعد وہ اب بھی ناقابل شکست ہیں۔ ان میں سے 11 کامیابیاں انہوں نے ناک آؤٹ کی بنیاد پر حاصل کی ہیں، جو ان کی جارحانہ اور پُراعتماد فائٹنگ اسٹائل کی عکاس ہیں۔
گزشتہ سال ستمبر میں بھی عثمان وزیر نے بنکاک میں ہی بھارتی باکسر کو پہلے ہی راونڈ میں 65 ویں سیکنڈ میں ناک آؤٹ کیا تھا، جس کے نتیجے میں انہوں نے عالمی یوتھ چیمپئن شپ کا ٹائٹل حاصل کیا تھا۔
عثمان وزیر نہ صرف پاکستان کی نمائندگی عالمی سطح پر کر رہے ہیں بلکہ وہ سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے خیرسگالی سفیر بھی ہیں، جو ان کے کردار کو مزید اجاگر کرتا ہے۔