لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار نے ذہنی دباؤ اور نجی مسائل کے باعث کرکٹ سے وقتی وقفے کا اعلان کر دیا ہے۔
ندا ڈار نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ ان کے لیے ذاتی اور پیشہ ورانہ لحاظ سے خاصے چیلنجنگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام معاملات نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے، اور اسی بنا پر انہوں نے کرکٹ سے وقتی بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ اپنی صحت اور زندگی پر فوکس کر سکیں۔
ذرائع کے مطابق ندا ڈار کو آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کوالیفائر کی تیاری کے لیے کیمپ میں بلایا گیا تھا، مگر فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے باعث انہیں اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ فیصل آباد میں لگنے والے کیمپ میں وہ شریک نہ ہو سکیں، اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں کھیلنے سے بھی معذرت کر لی۔
ندا ڈار نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی پرائیویسی کا احترام کریں اور اس دوران ان کے لیے دعا گو رہیں۔
