سابق سٹار فٹبالر 40 سال کوما میں رہنے کے بعد دم توڑ گئے

فرانس کے سابق اسٹار فٹبالر 40 سال کوما میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہارگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے سابق ڈیفینڈر جین پیئر ایڈمز 40 سال کوما میں رہنے کے بعد 73 سال کی عمر میں زندگی کی بازی ہارگئے۔

22 انٹرنیشنل میچز میں فرانس کی نمائندگی کرنے والے فٹبالر 1982 میں گھٹنے کی ایک معمولی سرجری کے دوران انیستھیسیا کے ڈاکٹر(آپریشن کےلیے بے ہوش یا سن کرنے والے ڈاکٹر) کی غلطی کے باعث کوما میں چلے گئے اور دوبارہ کبھی ہوش میں نہیں آئے۔

رپورٹس کے مطابق اسٹار فٹبالر کے آپریشن والے دن انیستھیسیا کے اسپیشلسٹ ہسپتال کے دیگر سٹاف کے ہمراہ ہڑتال پر تھے اور ان کی جگہ اسٹار فٹبالر کو بے ہوش کرنے کی ذمہ داری ایک ناتجربہ کار ڈاکٹر کو دی گئی۔

بعد ازاں 1990 میں  غلطی ثابت ہونے پر عدالت کی جانب سے دونوں ڈاکٹرز کو ایک ماہ کی سزا اور 890 ڈالر (14 لاکھ 9 ہزار 520 روپے) کا جرمانہ کیا گیا۔

سابق فٹبالر کی بیوہ نے ایک انٹریو کے دوران کہا تھا کہ میرا شوہر باتیں سن سکتا ہے لیکن وہ دیکھنے اور کسی بھی بات کا ردعمل نہیں دے سکتا جب کہ ہسپتال انتظامیہ کو عدالت کی جانب سے سزا کے باوجود انہوں نے کبھی ہم سے معافی نہیں مانگی۔