الیکشن کمیشن میں جاری اجلاس میں پیمرا کی طرف سے بھیجی گئی وڈیو کلپس کا جائزہ لیا جا رہا ہے،جبکہ الیکشن کمیشن پر الزامات لگانے پر وفاقی وزراء فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس بھیجے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء کی جانب سے لگائے الزامات کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں اجلاس جاری ہے۔ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر ملک اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
اجلاس میں پیمرا کی طرف سے بھیجی گئی وڈیو کلپس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کلپس کا جائزہ لے کر الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی وزراء فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس بھیجے جانے کا امکان ہے۔ نوٹس میں وفاقی وزراء سے الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات پر جواب طلب کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پرالزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔
اس کے بعد وفاقی وزرا نے بھی پریس کانفرنس کی تھی جس میں بھی الزام تراشی کی گئی تھی۔