ویرات کوہلی کا ٹی 20کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان 

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

 سوشل میڈیا سے جاری پیغام میں 31 سالہ ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ بطور کھلاڑی ٹی ٹونٹی میں سیلکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی کے بعد کپتانی کی ذمہ داری روہت شرما کو دی جا سکتی ہے۔

روہت شرما اپنی کپتانی میں ممبئی انڈینز کو 5 بار آئی پی ایل جتوا چکے ہیں۔

 دوسری طرف ویرات کوہلی نے بطور کپتان اب تک ایک بھی آئی سی سی تو کیا آئی پی ایل ٹرافی بھی نہیں جیتی ہے۔ 

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کوہلی کا ماننا ہے کہ انہیں اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور وہ دنیا کا بہترین بیٹسمین بننے کے خواب کو ہی پورا کرنا چاہتے ہیں۔

31 سالہ کوہلی اب تک 95 ون ڈے میچوں میں بھارت کی قیادت کر چکے ہیں، جن میں سے وہ 65 جیتے جبکہ 27 میں شکست ہوئی۔

 ویرات کوہلی کی جیتنے کی شرح 70.43 فیصد ہے۔ کوہلی 45 ٹی ٹونٹی میچز میں بھی کپتانی کرچکے ہیں جن میں سے 27 میں فاتح رہے اور 14 میں شکست ہوئی۔

 دوسری جانب 34 سالہ روہت شرما نے 10 ون ڈے اور 19 ٹی ٹونٹی میچوں میں بھارت کی قیادت سنبھالی، انہوں نے ون ڈے میں 8 جبکہ ٹی 20 میں 15 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ 

کوہلی کی کپتانی پر سب سے بڑی تنقید یہ ہوتی ہے کہ ان کے قیادت سنبھالنے کے بعد آئی سی سی کی کوئی بھی اہم ٹرافی جیتنے میں ناکامی ہے۔

 حال ہی میں بھارت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی ہار گیا، جس کے بعد انہیں مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔