نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ختم، سیریز منسوخ

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے اور وطن واپس جانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پھر یہ خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا ہے تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتایا ہے۔

پی سی بی حکام کے مطابق 17 سے 21 ستمبر تک جاری رہنے والی سیریز کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جس پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے خود بھی نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کو مہمان کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی بارے یقین دہانی کروائی تھی تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔ نیوزی لینڈ  کے فیصلے سے کرکٹ شائقین کو مایوسی ہوئی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا۔