نیوزی لینڈ کو تھریٹ کی اطلاع کس نے دی؟ پتہ چل گیا

کراچی: نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورۂ پاکستان منسوخ کرنے کی اصل وجہ سامنے آ گئی ہے۔

 نیوزی لینڈ کے میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کو پاکستان میں کرکٹ ٹیم کے خلاف تھریٹ کی اطلاع فائیوآئیز کی جانب سے دی گئی تھی۔

فائیو آئیز نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، امریکا اور برطانیہ پر مشتمل انٹیلیجنس اتحاد ہے، جو سرد جنگ کے دوران سوویت یونین پر نظر رکھنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے سختی سے تردید کی گئی تھی کہ ان کی جانب سے کوئی انٹیلیجنس شیئر نہیں کی گئی۔

اب نیوزی لینڈ ہیرالڈ نے غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ انٹیلیجنس شیئرنگ فائیو آئیز کی جانب سے کی گئی ہے، اور یہ اطلاع قابل بھروسا تھی، جس کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے پی سی بی کے چیئرمین کو ٹیلی فون کیا۔

میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے نائب وزیر اعظم گرانٹ روبرٹسن نے خطرات کی نوعیت نہیں بتائی تاہم انھوں نے تصدیق کی کہ اطلاع قابل بھروسا تھی اور فوری اقدام ضروری تھا۔

ادھر وزیر داخلہ پاکستان شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے حوالے سے کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔