انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے آفیشل ترانے ’لائیو دی گیم‘ کو جاری کردیا۔
مختصر دورانیے کے ترانے کی موسیقی بولی وڈ موسیقار، گلوکار و ہدایت کار امت تریویدی نے دی ہے اور گانے میں جدید ٹیکنالوجی کی اینیمیشنز کا استعمال کیا گیا ہے۔
گانے میں بھارت، آسٹریلیااور افغانستان کے معروف کھلاڑیوں کے اینیمٹڈ کرداروں کو دکھایا گیا ہے جب کہ شائقین کو بھی اینیمیشن کی صورت میں دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو کا آغاز ویسٹ انڈیز کے ملک جمیکا سے ہوتا ہے جس کے بعد کرکٹ کے ممبئی کے مداح کو دکھانے کے بعد کراچی کے نوجوان کرکٹ مداح کو دکھایا گیا ہے۔
آفیشل ترانے کی ویڈیو میں پاکستان اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کو بھی نہیں دکھایا گیا، جس کی وجہ سے گانے پر اعتراض بھی کیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق مذکورہ گانے کی ویڈیو کی تیاری میں 40 مختلف تھری ڈی اور ٹو ڈی اینیمیشن سمیت دیگر ٹیکنالوجی کے آرٹسٹ افراد نے مدد فراہم کی۔
گانے کو آئی سی سی کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیے جانے سمیت اسے پارٹنر ٹی وی چینلز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی جاری کیا گیا۔
گانے میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا حصہ بننے والی دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں یا ممالک کی جھلکیاں نہ دکھائے جانے پر کئی لوگ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔