نیشنل ٹی20کپ، خیبرپختنخوا کو 14 رنز سے شکست

نیشنل ٹی20کپ کے 16ویں میچ میں ناردرن پنجاب نے خیبرپختنخوا کو 14 رنز سے شکست دیدی۔

پنڈی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختنخوا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنےکا فیصلہ کیا تاہم شاداب خان اور محمد نواز کی شاندار بلےبازی کےباعث 182رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہے۔

خیبرپختنخوا نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا لیکن کپتان محمد رضوان سمیت کوئی بلےباز جم کر نہ کھیل سکا۔ رضوان 17، اصراراللہ 25، صاحبزادہ فرحان 13، آصف  آفریدی 21 اور مصدق احمد محض 2 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔

کےپی کی جانب سے افتخار احمد نے 52 رنز کی اننگزکھیلی جس میں 2 چوکا اور 5 چھکے شامل تھے۔

ناردرن کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حارث روؤف نے 3، محمد نواز 2 جبکہ شاداب خان، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل ابتداء میں ناردرن کی ٹیم مشکلات کا شکار نظر آئی، اوپنر علی عمران اور نوجوان حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ ناردرن کی جانب سے محمد نواز اور کپتان شاداب خان کی شاندار بلےبازی کا مظاہرہ کیا، محمد نواز نے 34 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ شاداب خان نے 27 گیندوں پر 46 رنز بنائے جس میں 6 چوکے اور 2چھکے شامل تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں عمر امین 27 اور آصف علی 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کےپی کی جانب سے شاہین آفریدی نے2 جبکہ عمران خان اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔