ٹی 20 ورلڈ کپ کے آفیشلز کا اعلان،2 پاکستانی امپائرز بھی شامل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے عمان اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے لیے 20 رکنی میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی میڈیا ریلیز کے مطابق آفیشلز پینل میں ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے اور سپر 12 راؤنڈ کے لیے 16 امپائر اور چار میچ ریفری شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور فائنل میچز کے آفیشلز کا اعلان مقررہ وقت میں کیا جائے گا۔امپائرنگ پینل میں پاکستان کے ایلیٹ امپائر علیم ڈار اور احسن رضا سمیت دنیا بھر سے 14دیگر میچ آفیشلز شامل ہیں۔

علیم ڈار کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے امپائر ماریس ایراسمس اور آسٹریلیا کے راڈ ٹکر کے ساتھ اپنے چھٹے ٹی 20ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں فرائض انجام دیں گے۔

عالمی ٹی 20ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں ماریس ایراسمس اور نیوزی لینڈ کے کرس گفنی جبکہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے۔

سری لنکا کے کمار دھرماسینا، جنہوں نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019کے فائنل کا آغاز کیا تھا، 17اکتوبر کو عمان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان ٹی 20ورلڈ کپ کے پہلے رانڈ کے افتتاحی میچ کے لیے میچ آفیشل ہوں گے۔

آئی سی سی کے سینئر منیجر برائے امپائرز اینڈ ریفریز ایڈریان گریفتھ کا کہنا ہے کہ ہم 16امپائروں اور چار میچ ریفریوں کے ایک گروپ کے ساتھ آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ کے لیے دنیا کے کچھ اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کر کے خوش ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہمیشہ بہترین ممکنہ عہدیداروں کا تقرر کرنا ہے اور ہم تمام میچوں میں غیر جانبدار امپائر اور ریفری بھی مقرر کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہہم ان سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ میچز کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں میچ آفیشلز میں میچ ریفریزمیں ڈیوڈ بون، جیف کرو، رنجن مدوگلے، جاواگل سریناتھ جبکہ امپائرز میں کرس بران، علیم ڈار، کمار دھرمسینا، ماریس ایراسمس، کرس گفنی، مائیکل گو، ایڈرین ہولڈ اسٹاک، رچرڈ ایلنگ ورتھ، رچرڈ کیٹل بورو، نتن مینن، احسن رضا، پال ریفل، لینگٹن روسری، راڈ ٹکر، جوئل ولسن، پال ولسن شامل ہیں۔