یونیورسٹی آف ویٹرنری لاہور کا کورونا ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ

لاہور:یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 ڈائریکٹر مائیکروبائیولوجی ویٹرنری یونیورسٹی پروفیسر طاہر یعقوب نے کہاہے کہ بندر، چوہے اور خرگوش پر 6 ماہ تک ٹرائل کیے گئے جس کے بعد اب ویکسین انسانوں پر ٹرائل کیلئے تیار ہے۔

 پروفیسرطاہر یعقوب نے  ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کی 10کروڑ روپے کی فنڈنگ سے کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے جانوروں پر 6ماہ تک ٹرائل کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا کی پہلی اور چوتھی لہر کے ویرینٹ کو غیر فعال بنا کر چوہے، خرگوش اور بندر پر تجربہ کیا گیا، جانوروں پر کامیاب ٹرائلز کے بعد کورونا سے بچاؤ کی 167خوراکیں انسانی ٹرائلز کیلئے تیار ہیں لہٰذا محکمہ صحت پنجاب اب اسے انسانوں پر استعمال کرسکتا ہے۔

پروفیسر طاہر یعقوب کا دعوی ہے کہ ویکسین کی دو خوراکیں 21 دن کے وقفے کے بعد لگائی جاسکیں گی جبکہ بین الاقوامی ویکسین کے مقابلے میں یہ ویکسین معیار میں کسی طرح کم نہیں۔

پروفیسر طاہر یعقوب نے مزید دعوی کیا کہ یونیورسٹی ہر قسم کے وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔