واشنگٹن: امریکی ماہرین نے ایک نیا سرجیکل فیس ماسک تیار کیا ہے جو صرف متعدی بیماریوں سے نہیں بلکہ گردوں کی بیماری کی بروقت شناخت میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
جرنل "اے سی ایس سینسرز" میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق، اس جدید ماسک میں ایک خاص سینسر نصب کیا گیا ہے جو پہننے والے کی سانس کا تجزیہ کرتا ہے اور ان گیسوں کو پہچانتا ہے جو گردے کی دائمی بیماری سے جڑی ہوتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق، یہ ٹیکنالوجی گردوں کی بیماری کے مریضوں کی حالت کو بہتر انداز میں مانیٹر کرنے اور ابتدائی مراحل میں تشخیص کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
اٹلی کی یونیورسٹی آف روم ٹور ورگاٹا کی ڈاکٹر اینالیسا نوس نے بتایا کہ امریکا میں لگ بھگ 35 ملین افراد گردوں کی دائمی بیماری کا شکار ہیں اور ان میں سے بہت سے افراد کو اپنی بیماری کا علم ہی نہیں ہوتا۔
