آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں عمان نے پاپوا نیوگنی کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے کے پہلے میچ میں میزبان عمان نے پاپوا نیوگنی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاپوا نیوگنی نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے، جواب میں عمان نے 130 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔
اننگز کے آغاز میں ہی پاپوا نیوگنی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی 2 وکٹیں صفر پر گرگئیں تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے قدرے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
پاپوا نیوگنی کے اسد والا 56 رنزبناکرنمایاں رہے، انہوں نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔
ان کے علاوہ چارلس امینی نے 37 اور سیسی باؤ نے 13 رنزبنائے جب کہ عمان کی جانب سے ذیشان مقصود نے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں،کلیم اللہ اور بلال خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
130 رنز کے ہدف کے جواب میں عمان کے بلے بازوں نے جارحانہ رویہ اختیار کیا اور بغیر کسی نقصان کے 130 رنزکاہدف 14ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
عمان کے بلے باز عاقب الیاس اورجتیندر سنگھ نے ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کیں، جتندر سنگھ 73 رنزبناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ عاقب الیاس نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
عمان کےکپتان ذیشان مقصود کو عمدہ بولنگ پر پلیئرآف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل عمان کےکپتان ذیشان مقصود کا ٹاس جیت کر کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔
ذیشان مقصود کا کہنا تھا پچ بولرز کے لیے سازگار ہے اور اسپنرز کو مدد فراہم کرے گی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلا جائے گا۔