رکی پونٹنگ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کو چ بننے کی آفر ٹھکرا دی

نئی دہلی : آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے بھارتی کرکٹ ٹیم میں بطور کوچ خدمات انجام دینے کی پیش کش ٹھکرا دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ روی شاستری نے متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

روی شاستری کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے اعلان پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو انڈین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی پیشکش کی تھی جو انہوں نے ٹھکرا دی۔

خیال رہے کہ رکی پونٹنگ آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کو بھی اپنے تجربے بہرہ مند کرچکے ہیں۔

رکی پونٹنگ کے انکار کے بعد بی سی سی آئی نے سابق بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ سے رابطہ کیا اور انہیں نومبر میں ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔