وارم اپ میچ، افریقہ نے پاکستان کو 6وکٹوں سے ہرادیا

 ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے پاکستان کو کو دوسرے پریکٹس میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی، جنوبی افریقی ٹیم 187 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ویندر ڈوسن نے ناقابل شکست سنچری سکور کی، کپتان ٹیمبا باواما 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، کلاسن 14 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا نشانہ بنے۔

ڈیوڈ ملر 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، کوئنٹن ڈی کاک 6 رنز بنا کر عماد وسیم کا نشانہ بنے، ریزا ہینڈرکس کو 7 رنز پر عماد وسیم نے بولڈ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، حسن علی اور حارث رؤف سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے دونوں نے بالترتیب 52 اور 33 رنز دئیے۔

اس سے قبل پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے تھے، فخرمان کی نصف سنچری بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچاسکی، آصف علی 32 اور شعیب ملک 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کپتان بابر اعظم 15 رنز بنا کر ربادا کی یارکر پر بولڈ ہوئے، محمد رضوان 19 رنز بنا کر چلتے بنے۔

پروٹیز کی جانب سے ربادا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کیشو مہاراج اور انریک نورٹجی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔