بھارت کے خلاف میچ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

یو اے ای میں جاری ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج میچ کیلئے پاکستان کے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے، تاہم کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ  پلینگ الیون کا فیصلہ میچ سے پہلے کریں گے۔

بھارت کے خلاف میچ کے لئے 12 رکنی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زماں، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، حیدر علی، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ اسکواڈ میں سابق کپتان سرفراز احمد، وسیم جونیئر اور محمد نواز کو شامل نہیں کیا گیا۔

کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پلینگ الیون کا فیصلہ میچ سے پہلے کریں گے۔

کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا مورال بلند ہے اور تمام کھلاڑی کھیلنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، کھیل میں ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لئے ہیں، کرکٹ میں ہر دن نیا ہوتا ہے، ورلڈ کپ میں بھارت کی جیت کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ دبئی میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ اتوار 24 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہورہا ہے، پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کے کروڑوں کرکٹ شائقین اس میچ کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔