پاکستان کی ٹیم خطرناک، کئی میچ ونر موجود ہیں، ویرات کوہلی

دبئی:  ویرات کوہلی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے زبردست ٹاکرے سے ایک دن قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں بہت سے گیم چینجر ہیں، اور بھارت کو ان سے بہتر کھیل کے لیے اپنا ’اے گیم‘ کھیلنے کی ضرورت ہوگی۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا ہماری ٹیم بہت متوازن ہے، لیکن پاکستان کی ٹیم خطرناک ہے، اس کے پاس میچ تبدیل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

انھوں نے کہا میرے لیے پاک بھارت میچ ایک عام میچ ہے، دباؤ نہیں لیتا، ہمیں پروفیشنل کرکٹرز کی طرح حالات میں ڈھلنا ہوتا ہے، اور باہر کون کیا کہہ رہا ہے، یا لکھ رہا ہے اس سے مطلب نہیں۔

کپتانی کیوں چھوڑی کے سوال پر ویرات کوہلی بھڑک اٹھے، کہا کپتانی پر بات نہیں کروں گا، توجہ میچ پر ہے۔

کپتان نے کہا ہردک پانڈیا دو اوور کرانے کے لیے تیار ہے، اس کی بیٹنگ اچھا آپشن دیتی ہے، ہمارے پاس بولرز کی کمبنیشن ہے لیکن ابھی میں اس کے بارے میں نہیں بتاؤں گا۔

ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ابوظبی اور دبئی کی پچز بہتر ہیں، شارجہ کی پچ پرگیند نیچے رہتی ہے۔

واضح رہے کہ دبئی میں اتوار کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 میں مقابلہ ہوگا، عمان اور متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا یہ پہلا میچ ہوگا۔ بھارت پاکستان کے خلاف پانچ ٹی 20 ورلڈ کپ میچز میں ناقابل شکست رہا ہے۔