ٹی 20ورلڈکپ، پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دیدی

دبئی:آئی سی سی ٹی  ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے تاریخ بدل دی،شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے پہلی بار ورلڈ کپ میں شکست دیدی ۔

پاکستان نے 152رنز کا ہدف کپتان بابر  اعظم اور محمد رضوان کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت17.5اوورز میں بغیر کسی نقصان پر پورا کر لیااور10وکٹوں سے بھارت کو شکست دیدی۔

 کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش سٹروکس کھیلے اور بھارتی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی  اور17.5 اوورز میں ٹارگٹ پورا کر لیا۔

کپتان بابر اعظم 52گیندوں پر 68اورمحمد رضوان 55گیندوں پر78رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو شاندار بولنگ کرانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

سپورٹس سٹی دبئی میں کھیلے  گئے   اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو روہت شرما کھاتا کھولے بغیر پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

اسکور ابھی 6تک پہنچا ہی تھا کہ دوسرے اوپنر لوکیش راہل بھی شاہین کی گیند نہ سمجھ سکے اور کلین بولڈ ہو گئے۔دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے سوریا کمار یادیو آئے اور دونوں تیسری وکٹ کیلئے 25رنز جوڑ کر اسکور کو 31تک پہنچایا۔

اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، پاکستان نے چھٹے اوور میں حسن علی کو بالنگ پر متعارف کرایا جنہوں نے 11رنز بنانے والے سوریا کمار یادیو کو چلتا کردیا۔

محمد حفیظ باؤلنگ کیلئے آئے تو پاکستان نے کیچ کی اپیل مسترد ہونے پر ریشابھ پنت کے خلاف ریویو لیا لیکن فیلڈ امپائر کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور پاکستان کا ریویو ضائع ہو گیا۔

اننگز کے12ویں اوور میں ریشابھ پنٹ نے جارحانہ انداز اپنایا اور حسن علی کو لگاتار 2چھکے لگانے سمیت اوور میں 15رنز بنائے لیکن اگلے ہی اوور میں شاداب خان کی گیند پر چھکا لگنے کی کوشش میں وہ اونچا شاٹ کھیل بیٹھے اور بالر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لینے میں کوئی غلطی نہ کی۔

بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز نے آؤٹ ہونے سے قبل 39رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوسرے اینڈ سے کپتان ویرات کوہلی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کر لی۔

رویندرا جدیجا نے 13رنز کی اننگز کھیلی لیکن حسن علی کو چھکا لگانے کی کوشش میں متبادل کھلاڑی کو کیچ دے بیٹھے۔

شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی کپتان کوہلی کی اننگز کا خاتمہ کردیا، کوہلی نے49گیندوں پر57رنز بنائے۔

اپنے اسپیل کی آخری گیند پر شاہین نے نوبال کردی اور فری ہٹ پر پانڈیا نے ایک رن لیا اور انہیں رن آؤٹ کرنے کیلئے شاہین کی جانب سے کی گئی تھرو پر چوکا ہو گیا اور یوں انہوں نے اپنے اسپیل کی آخری گیند پر10رنز دے دئیے۔

اننگز کے آخری اوور میں حارث رؤف نے پانڈیا کو پویلین لوٹا دیا اور بھارت کی ٹیم ساتویں وکٹ سے محروم ہو گئی۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر151رنز بنائے اور پاکستان کو فتح کیلئے 152رنز ہدف دیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین 3وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ حسن علی نے دو اور شاداب اور حارث نے ایک، ایک وکٹ لی۔

152رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد رضوان نے بھوونیشور کمار کو چوکا اور چھکا لگا کر ان کا استقبال کیا دونوں بلے باز وں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش سٹروکس کھیلے اور بھارتی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی  اور18ویں اوور میں ٹارگٹ پورا کر لیا۔

کپتان بابر اعظم 52گیندوں پر 68اورمحمد رضوان 55گیندوں پر78رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔