افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو 130 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو 130 رنز سے شکست دے دی ۔

 افغانستان کے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 60 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

شارجہ میں کھیلے جارہے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ افغانستان کی جانب سے یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ اسکور ہے، اس سے قبل 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان نے زمبابوے کے خلاف 6 وکٹوں پر 186 رنز بنائے تھے۔

افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زادران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ  رحمان اللہ نے 46 اورحضرت اللہ ززئی نے 44 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سفیان شریف نے 2 جبکہ جوش ڈیوی اور  مارک واٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے گروپ 2 کے میچ میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے۔